بینکنگ ، آئی ٹی فائلنگ ، ایل پی جی قواعد میں یکم ؍ جون سے تبدیلی

   

نئی دہلی : یکم؍ جون 2021ء سے عام آدمی کی زندگی سے جڑی کئی تبدیلیاں ہونے جا رہی ہیں۔ اس میں بینکنگ، انکم ٹیکس ای فائلنگ سے لیکر گیس سلنڈر سے جڑے کئی قواعد بدل جائیں گے جس کا راست اثر آپ کی زندگی پر پڑنے والا ہے۔ یکم؍ جون سے بینک آف بڑودا میں چیک سے پیمنٹ کا طریقہ بدلنے والا ہے۔ اس کے علاوہ گیس کی قیمتوں میں مستقل وقفے پر نظرثانی کی جائے گی۔ پی پی ایف، کے وی پی ۔ این ایس سی اور سکنیا اسمردھی جیسی چھوٹی بچتوں کی اسکیمات کی شرح سود میں بھی تبدیلی اسی مہینے ہونی ہے۔ حکومت کی طرف سے ہر تین ماہ بعد اسمال سیونگس اسکیم کیلئے سود کی نئی شرح نافذ کی جاتی ہیں۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ سود کی پرانی شرح پر ہی نظرثانی کر دی جاتی ہیں۔ گزشتہ 31 مارچ کو مالی سال 2020-21ء کی آخری سہ ماہی ختم ہونے پر نئی سود کی شرح جاری کی گئی تھی جسے 24 گھنٹے کے اندر واپس لے لیا گیا تھا اور پرانی شرحیں ہی رہ گئی تھیں۔ اب 30 جون کو پھر سے نئی سود کی شرح نافذ کی جائیں گی۔