بینکوں میں موثر سیکیوریٹی انتظامات لازمی

   

سدی پیٹ میں بینک عہدیداروں کے اجلاس سے پولیس کمشنر انورادھا کا خطاب
سدی پیٹ/23 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )سدی پیٹ پولیس کمشنر ڈاکٹر بی انورادھا ریڈی نے کہا کہ بینکوں میں سیکیورٹی اقدامات لازمی طور پر اپنانے چاہیی اور عوام کی جمع کردہ رقم اور سونا محفوظ رکھنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جانے چاہئیں ۔منگل کے روز سی پی نے ضلع کے بینک مینیجرز، ریجنل مینیجرز، اور لیڈ ڈسٹرکٹ مینیجرز کے ساتھ سدی پیٹ پولیس کمشنر آفس میں بینکوں کی اندرونی سیکیورٹی، اے ٹی ایمز کی حفاظت، اور سی سی کیمروں کی کارکردگی پر بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران دن اور رات میں دو مرتبہ بینکوں کا معائنہ کریں گے۔ انہوں نے بینک کے اندر اور باہر اور مین روڈ پر سی سی کیمروں کی تنصیب کی ہدایت دی تاکہ کسی بھی واقعے کی صورت میں مجرموں کو پکڑنا آسان ہو۔سائبر کرائم کے معاملات میں بینک حکام سے کہا گیا کہ وہ متاثرہ افراد کے پرانے یا منجمد اکاؤنٹس کے متعلق بینک اسٹیٹمنٹ اور بنیادی معلومات فراہم کریں۔ سائبر سیکیورٹی اور ہم آہنگی کے حوالے سے ایس بی انسپکٹرز کرن اور شری دھر گوڑ کے موبائل نمبرز فراہم کیے گئے۔ ڈسٹرکٹ لیڈ منیجر ہری بابو نے کہا کہ وہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ہر وقت دستیاب رہیں گے اور بینک کی معلومات جلد فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا کہ وہ بینک ایپس، فون پے، اور انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے لین دین کو محفوظ بنائیں۔ پولیس حکام کو مشورہ دیا گیا کہ سائبر کرائم کے واقعے کے فوراً بعد متعلقہ بینک سے بنیادی معلومات کے لیے لیڈ بینک مینیجر کو خط بھیجیں۔ اس اجلاس میں سائبر کرائم اے سی پی سرینواس، ایس بی انسپکٹرز کرن، شری دھر گوڑ، سی سی آر بی انسپکٹر رام کرشنا، ضلع بینک مینیجرز، ریجنل مینیجرز اور دیگر نے شرکت کی۔