الیکشن کمیشن سے کانگریس کی نمائندگی
حیدرآباد: شدید بارش کے نتیجہ میں بینکوں کو تعطیلات کا اعلان کیا گیا جس کے نتیجہ میں دوباک اسمبلی حلقہ کے امیدواروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈنیشن کمیٹی کے کنوینر جے نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر نئی دہلی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے امیدواروں کو بینک اکاؤنٹ کھولنے کے معاملہ میں رعایت دینے کی درخواست کی ۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش کے نتیجہ میں تلنگانہ کے کئی علاقوں میں بینکوں کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے۔ ریاستی حکومت نے دو روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے جس کے نتیجہ میں بینکس بھی بند ہیں۔ مقابلہ کے خواہاں امیدواروں کے لئے پرچہ نامزدگی کے ادخال سے قبل بینک اکاؤنٹ کھولنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ اب جبکہ بینکوں کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے ، لہذا امیدواروں کو اس بات کی اجازت دی جائے کہ وہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد بینک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت سے کئی امیدواروں کو سہولت ہوگی اور پرچہ نامزدگی کے ادخال میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ الیکشن کمشنر سے درخواست کی گئی کہ وہ اس سلسلہ میں چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ اور دوباک اسمبلی حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر کو ضروری ہدایات جاری کریں۔