حیدرآباد۔19 جولائی (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے بینکوں کو قومیانے کے تاریخی اقدام پر سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اندرا گاندھی حکومت کی جانب سے 50 سال قبل بینکوںکو قومیانے کی یاد میں آج وی ہنمنت رائو کی قیادت میں کانگریس قائدین نے عوام کے ساتھ اندرا گاندھی کو خراج پیش کیا۔ اندرا گاندھی کے مجسمے کے پاس جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں غریبوں کی بھلائی کے لیے اندرا حکومت کے اقدامات کی یاد تازہ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی نے ہمیشہ غریبوں کی بھلائی پر توجہ مرکوز کی تھی۔ بینکوں سے غریبوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے قومیانے کا انقلابی قدم اٹھایا گیا تھا۔ اس فیصلے کے نتیجہ میں غریب عوام بینکوں سے بآسانی مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت غریبوں کے بجائے سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں بینک سرمایہ داروں کو بھاری قرض فراہم کررہے ہیں اور وہ بینکوں کو لوٹ کر فرار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی بینکوں کو لوٹنے والے افراد کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ ہنمنت رائو نے نریندر مودی کو مشورہ دیا کہ وہ غریبوں کی بھلائی کی فکر کریں اور بینکوں سے زیادہ سے زیادہ فوائد بہم پہنچانے کے اقدامات کریں۔
