کاروں کے شورومس کے نام پر دھوکہ دہی بے نقاب
حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کار شورومس کے مالکین کے نام پر بینکوں کو لوٹنے والی شاطر ٹولی کو سائبر آباد پولیس نے بے نقاب کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ جن کا تعلق شمالی ہند سے بتایا گیا ہے۔کمشنر سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 30 سالہ ارون کمار ساکن غازی آباد ، 33 سالہ لوکیش تومر ساکن سیواروہا دہلی، 28 سالہ موہت کمار ساکن گریٹر نوئیڈا اور 35 سالہ منوج کمار ساکن میدٹ کو گرفتار کرلیا۔ یہ جعلساز افراد کارشورومس کو فون کرنے کے بعد انہیں اپنی سازش کا شکار بناتے تھے۔خود کو دولتمند ظاہر کرتے ہوئے کاروں کی بکنگ کے نام پر سیلز ایکزیکیٹو کے ذریعہ بینک شورومس کی تفصیلات بالخصوص بینک اکاونٹ نمبرات اور دیگر ذرائع جس کے ذریعہ شوروم میں رقم حاصل کی جاتی ہے کی تمام تفصیلات حاصل کیا کرتے تھے جس کے بعد ان تفصیلات کی بنیاد پریہ لوگ بینک منیجرس کو فون کرتے اور خود کو کار شورومس کے مالکین ظاہر کرتے ہوئے بینکرس کو اپنے جال میں پھانسا کرتے تھے۔ کار شوروم میں لاکھوں روپئے فروختگی اور بڑی رقم کو بینک میں جمع کروانے اور روزانہ کے تبادلہ کے نام پر ان بینکرس سے رقم حاصل کررہے تھے۔ ایک شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔