بینکرس کے ساتھ ہنگامی اجلاس، رعیتو بندھو کی رقومات روکنے کی اطلاعات پر حکومت کی ناراضگی
حیدرآباد۔ ریاست میں حکومت کی جانب سے رعیتو بندھو اسکیم کے تحت دی جانے والی امدادی رقم کو نکالنے کی بعض بینکوں کی جانب سے اجازت نہ دیئے جانے سے متعلق اطلاعات پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بینکرس کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دی۔ حکومت کو موصولہ اطلاعات کے مطابق کہ بعض بینک کسانوں کی رعیتو بندھو اسکیم کی رقومات جاری کرنے کے بجائے اسے پرانے بقایا جات کے تحت شامل کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ اور چیف سکریٹری سومیش کمار نے بینکرس کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ بینکرس نے واضح کیا کہ کسانوں کے رعیتو بندھو فنڈز کو روکنے کیلئے کوئی بھی احکامات جاری نہیں کئے گئے۔ وزیر فینانس نے بینکرس کو واضح طور پر ہدایت دی کہ وہ رعیتو بندھو کی رقم مستقبل میں روکنے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔ کسانوں کے اکاؤنٹ میں جو بھی رقم جمع کی جارہی ہے اسے نکالنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے بینکرس کو ہدایت دی کہ اس سلسلہ میں تمام برانچس کو ہدایات جاری کریں۔ ضلع کلکٹرس کو اس سلسلہ میں ضلع واری سطح پر جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کسانوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ریاستی سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ حکومت نے کسانوں کو درپیش مسائل کی سماعت اور یکسوئی کیلئے دو ٹول فری نمبرس جاری کئے ہیں جو صبح 8 بجے تا رات 8 بجے کارکرد رہیں گے۔ ٹول فری نمبرات 18002001001 اور 04033671300 ہیں۔ وزیر فینانس نے بینکرس کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو فصلوں کے قرضہ جات کی اجرائی اور تجدید کے کام میں تیزی پیدا کریں۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، اسپیشل سکریٹری فینانس رونالڈ راس، سکریٹری اگریکلچر رگھو نندن راؤ، ڈپٹی جنرل منیجر اسٹیٹ بینک آف انڈین نٹراجن، جنرل منیجر بینک آف بڑودہ منموہن گپتا، ڈپٹی جنرل منیجر ایس ایل بی سی سیش کمار ابھیراجو، ڈپٹی جنرل منیجر یونین بینک آف انڈیا شیخ حسین، ڈپٹی جنرل منیجر کنارا بینک ایس وی جے وینو، منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ کوآپریٹیو اربن بینکس ڈاکٹر این مرلیدھر، اسسٹنٹ جنرل منیجر انڈین اوورسیز بینک مس آر وی شاردا، جنرل منیجر اے پی جی وی بی پی پارتھا سارتھی ، جنرل منیجر ای جی بی ستیش کمار اور دوسروں نے شرکت کی۔