بینکوں کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت

   

نئی دہلی، 9مئی (یواین آئی) خزانہ و کارپوریٹ امور کی مرکزی وزیرنرملا سیتارمن نے پاکستان کی سرحد پر کشیدگی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جمعہ کے روز سرکاری اور نجی شعبے کے بینکوں اور انشورنس کمپنیوں کو کسی بھی صورتحال یا بحران سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت دی۔نرملا سیتارمن نے آج سرحدی کشیدگی سے پیدا ہونے والے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سرکاری اور پرائیویٹ شعبے کے بینکوں اور انشورنس کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور سی ای اوز کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں محکمہ مالیاتی خدمات (ڈی ایف ایس)، وزارت خزانہ، سی ای آر ٹی -اِن، آر بی آئی، آئی آر ڈی اے آئی اور این پی سی آئی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔