حیدرآباد۔22جولائی (سیاست نیوز) ملک میں بینک اب ہفتہ میں 5 دن کام کریں گے اور 2دن تعطیل ہو گی۔ انڈین بینکنگ اسوسیشن کی جانب سے مرکزی حکومت کو روانہ تجاویز پر مرکزی حکومت نے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ 28جولائی کو ہونے والے انڈین بینکنگ اسوسیشن کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا اور بینک میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کیلئے 5یوم کا ہفتہ ہوگا۔ بتایاجاتا ہے کہ بینک ملازمین کی مختلف یونینوں کی جانب سے مسلسل مطالبہ کے پیش نظر انڈین بینکنگ اسوسیشن نے یہ سفارشات مرکزی حکومت کو روانہ کی جسے قبول کرلئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق 28جولائی کو اگر اس بات کا فیصلہ کیا جاتا ہے کہ بینک خدمات ہفتہ میں 5یوم رہیں گی تو اگسٹ سے بینک خدمات کو 5یوم کا ہفتہ شروع کردیئے جانے کے امکانات کم ہیں جبکہ ماہ ستمبر سے 5یوم کا ہفتہ کیا جاسکتا ہے۔ م
بینک میں برسر خدمت ملازمین کیلئے فی الحال مہینہ میں 4اتوار کے علاوہ دو ہفتوں کو تعطیل ہے اور اب اگر 5یوم کا ہفتہ کردیا جاتا ہے تو ہفتہ میں دو یوم یعنی ہفتہ اور اتوار کو بینک کو تعطیل رہے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 5یوم کا ہفتہ کردیئے جانے پر بینک ملازمین کو ان 5ایام میں یومیہ 40 منٹ اضافی خدمات انجام دینی ہونگی ۔ اس اعتبار سے 5یوم میں بینک کاری اوقات میں تبدیلی لاتے ہوئے اس میں اضافہ کیا جائیگا۔28جولائی کو انڈین بینکنگ اسوسیشن کے اجلاس میں 5یوم کے ہفتہ کے علاوہ بینک ملازمین کیلئے انشورنس ‘تنخواہوں میں اضافہ کے علاوہ دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا لیکن توقع ہے کہ بینک ملازمین کیلئے ہفتہ میں 5یوم کام کو منظوری حاصل ہوجائے گی اور اس اعلان کے بعد ملک بھر میں بینک خدمات 5دن رہیں گی جبکہ ہفتہ اور اتوار کو تعطیل رہے گی۔م