سرینگر: وادی کشمیر میں مین اسٹریم بینکنگ کو وسعت دینے کے لئے بینک آف انڈیا نے چہارشنبہ کو یہاں’کسٹمر آؤٹ ریچ‘ پروگرام کا اہتمام کیا۔بینک کے ایم ڈی اور سی ای او اے کے داس نے اس موقع پر بتایا کہ اس طرح کے پروگراموں کا مقصد بینک کاری کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچانا ہے تاکہ بینک لوگوں کی معاشی بحالی کے لئے ایک شراکت دار کا رول ادا کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں بینک کاری کاروبار کے لئے وسیع پیمانے پر صلاحیتیں اور وسائل موجود ہیں جنہیں استعمال میں لانے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بینک کی مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف خطے کی سماجی و معاشی ترقی کو تیز تر کیا جاسکتا ہے بلکہ لوگوں کے معاشی حالات کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔