کے گیتا اور ان کے شوہر چنچل گوڑہ جیل منتقل
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) پنجاب نیشنل بینک کو دھوکہ دہی معاملہ میں آندھرا پردیش کے اراکو کی سابق رکن پارلیمنٹ کے گیتا کو آج گرفتار کرلیا گیا۔ سی بی آئی عہدیداروں نے آج حیدرآباد میں گرفتاری عمل میں لائی۔ سابق رکن پارلیمنٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک تنظیم کے نام پر 50 کروڑ کا قرض حاصل کیا تھا لیکن اسے واپس نہیں کیا۔ بینک کی شکایت پر سی بی آئی نے تحقیقات کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ انہیں طبی معائنہ کیلئے عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا وہاں سے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ کو سی بی آئی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ گیتا اور ان کے شوہر پی رام کوٹیشور راؤ کو سی بی آئی عدالت نے 5 سال قید اور ایک لاکھ روپئے جرمانہ کی سزا سنائی ہے ۔ان کے علاوہ بینک کے عہدیداروں جئے پرکاش، کے کے اروند کو بھی پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔ وشویشور انفرا پرائیویٹ لمیٹیڈ کو 2 لاکھ روپئے جرمانہ کی سزا دی گئی۔ بعد میں گیتا اور دوسروں کو چنچل گوڑہ جیل منتقل کیا گیا۔ دوسری طرف سابق رکن پارلیمنٹ کے وکیل نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست داخل کی ہے۔ واضح رہے کہ گیتا 2014 میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر اراکو حلقہ سے لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئی تھیں بعد میں انہوں نے پارٹی سے علحدگی اختیار کرلی۔ 2018 میں جن جاگروتی کے نام سے علحدہ سیاسی پارٹی قائم کی اور بعد میں بی جے پی میں شمولیت کے بعد اپنی پارٹی کو تحلیل کردیا تھا۔ر