بینک سرویس اور لون فراہمی کے نام پر لوٹنے والی بین ریاستی سائبر دھوکہ باز ٹولی بے نقاب

   

9 افراد گرفتار، عوام کو دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ، سائبر کرائم پولیس
حیدرآباد۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) بینک سرویس اور لون فراہم کرنے کے نام پر عوام کو لوٹنے والی ایک بین ریاستی سائبر دھوکہ بازوں کی ٹولی کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا اور 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔ سائبر کرائم پولیس رچہ کنڈہ نے جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والی اس ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے گیارہ مقدمات کا پردہ فاش کیا۔ پولیس نے 27 سالہ کتراوت راجو، 21 سالہ کتراوت سنتوش جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور بتائے گئے ہیں، 21 سالہ اسلاوت گنیش، 18 سالہ مداوت وینکٹیش طالب علم، 21 سالہ کیتاوت راجو کسان، 22 سالہ دیگاوت سرینواسلو آٹو ڈرائیور، 19 سالہ کتراوت ہری لال، 19 سالہ کتراوت گنیش اور 19 سالہ مداوت گنیش طالب علم کو گرفتار کرلیا جو پدا منڈاڈی منڈل ونپرتی ضلع کے متوطن ہیں جو وکرم ٹھاکر ساکن جھارکھنڈ کی ٹولی کا حصہ ہیں ، جنہیں وکرم ٹھاکر نے دھن باد منتقل کرنے کے بعد ان کے ذریعہ دھوکہ دہی کا ریاکٹ حیدرآبا آیا تھا۔ پولیس نے انہیں دھن باد سے گرفتار کرلیا۔ سال 2000 میں کتراوت راجو ونپرتی سے حیدرآباد منتقل ہوا اور آٹو چلاتے ہوئے زندگی بسر کررہا تھا۔ اس دوران اس کی پہچان وکرم ٹھاکر سے ہوئی تھی۔ دونوں میں دوستی ہوگئی اور وکرم نے راجو کو اپنے منصوبہ سے واقف کروایا اور عوام کو لون اور بینک سرویس کے بہانے دھوکہ دینے کے منصوبہ کا آغاز کیا۔ وکرم نے راجو کی مدد سے تلگو زبان جاننے والوں کو جمع کیا۔ انہیں اس کام کے لئے 30 فیصد کمیشن دینے کی پیشکش کی اور ان کی رضامندی کے بعد انہیں دھن باد منتقل کیا۔ دھوکہ دہی کی انہیں تربیت دی۔ فرضی پتہ پر سم کارڈس حاصل کئے گئے اور فرضی دستاویزات پر مختلف بینکوں میں کھاتے تیار کئے گئے۔ لون اور بینک سرویس کے طلب گار افراد کے نمبرات حاصل کئے اور ان سے رابطہ بنایا۔ لون اور بینک سہولیات کے لئے ان سے ان کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔ آغاز سے دھوکہ دہی تک یہ ٹولی عوام سے مسلسل رابطہ میں رہتے تھے۔ سرویس اور لون کی منظوری کے نام پر چارجس حاصل کرنے کے بعد رابطہ منقطع کردیتے تھے۔ پولیس نے عوام کو ایسے دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔ ع