بینک سیکوریٹی گارڈ نے کسٹمر کو گولی ماری

,

   

اترپردیش میں پیش آئے افسوسناک واقعہ میں ماسک بڑی وجہ بنا

بریلی : بینک آف بڑودہ کے ایک کسٹمر کیلئے ماسک لگائے بغیر بینک کی آفس میں داخل ہونے کی کوشش بدبختانہ واقعہ میں تبدیل ہوگئی۔ اترپردیش کے بریلی کوتوالی علاقہ میں واقع بینک برانچ کے سیکوریٹی گارڈ نے کسٹمر راجیش کمار کو گولی ماری۔ بتایا گیا کہ ریلوے کے ملازم راجیش نے ماسک لگائے بغیر بینک میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ راجیش اور سیکوریٹی گارڈ میں بحث ہوئی کیونکہ گارڈ نے ماسک کے بغیر بینک میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ راجیش کو بریلی کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا جبکہ گارڈ پولیس تحویل میں ہے۔ یہ واقعہ بریلی کوتوالی علاقہ میں جنکشن روڈ برانچ میں پیش آیا۔ اس واقعہ پر بینک ملازمین اور کسٹمرس میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ واقعہ کی جانکاری حاصل ہونے کے بعد آئی جی پی بریلی رینج رمیت شرما، ایس ایس پی روہت سنگھ، ایس پی سٹی رویندر کمار اور دیگر نے برانچ کا دورہ کیا۔ پولیس کے مطابق راجیش بینک کے کام کے سلسلہ میں 11:30 بجے دن وہاں ماسک کے بغیر پہنچا تھا۔ گارڈ کیشو پرساد نے اسے روکا اور ماسک کے مسئلہ پر دونوں میں تلخ بحث ہوئی۔ راجیش کی فیملی کا الزام ہیکہ گارڈ نے تھوڑی سی تکرار کے بعد راجیش کو پیر پر گولی مار دی۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ وہاں موجود تمام لوگوں سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ دواخانہ میں راجیش تادم تحریر بیہوش تھا اور پولیس نے کہا کہ وہ ہوش میں آنے پر اس کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔