نئی دہلی 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے مختلف حصوں میں بینکنگ خدمات آج متاثر ہوئیں کیوں کہ بینک ملازمین کی دو یونینوں نے عوامی شعبہ کے بینکوں کے انضمام کے خلاف آج احتجاج منظم کیا تھا۔ بینکوں میں نقدی جمع کروانے، نکالنے اور چیکوں کے کلیئرنس کا کام ملک گیر سطح پر متاثر ہوا۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور دیگر کئی بینکوں نے بینکوں کے انضمام اور شرح سود میں کمی کے خلاف آل انڈیا بینک ایمپلائیز اسوسی ایشن (اے آئی بی ای اے) اور بینک ایمپلائیز فیڈریشن آف انڈیا (بی ای ایف آئی) کی اپیل پر منائی جانے والی اس ہرتال کے بارے میں اپنے گاہکوں کو پہلے ہی واقف کروادیا تھا۔ اے آئی بی ای اے کے جنرل سکریٹری سی ایچ وینکٹا چلم نے کہاکہ ہندوستان میں بینکوں کا انضمام بالکل غیر ضروری ہے کیوں کہ عوام کی خدمت کے لئے مزید بینک خدمات کی ضرورت ہے۔