بینک میں سرقہ کی کوشش ناکام

   

نظام آباد :3 ؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ایک چور بینک میں داخل ہوکر چوری کرنے کے دوران سائرن بجنے سے سارق کو گرفتار کرلیا گیا ۔یہ واقعہ دوباک انڈین اوورسیز بینک میں کل رات دیر گئے پیش آیا۔ ایس آئی ومشی کرشنا ریڈی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رنجل منڈل دو پلی سے تعلق رکھنے والا سنتوش ریڈی نامی چور درپلی منڈل کے دوباک میں واقع انڈین اوورسیز بینک میں قفل شکنی کرکے اندر داخل ہوا بینک پر نصب کردہ سی سی کیمرہ جو بینک منیجر کے سیل فون سے اٹیچ ہوتا ہے انہوں نے سیل فون پر سارق کو اندر داخل ہوتے ہوئے دیکھ لیا اور بینک کا سائرن بجایا ساتھ ہی پولیس اور مقامی لوگوں کو اطلاع دینے پر مقامی لوگ لاٹھیوں کے ساتھ بینک پر جمع ہوگئے اور چور کو پکڑلیا گیا چور کی بہار گرو کے رکن کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔
حادثہ کا شکار گاڑی سے سنترے لوٹنے کیلئے ہجوم امڈ پڑا
عادل آباد /3 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست مہاراشٹرا سے سنترے کا لوڈ لے کر حیدرآباد جانے والی گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی جس کے بعد لوگ پھل لوٹ لینے کیلئے اُمڈ پڑے ۔ یہ حادثہ موضع کپٹی کے پاس پیش آیا ۔ سنترے کے لوڈ سے لدی لاری کے الٹ جانے کے نتیجہ میں سنترے سڑک پر گر گئے ۔ مقامی افراد کو جیسے ہی اس بات کی اطلاع ملی وہ تھیلے لے کر سنترے لوٹ نے کیلئے وہاں پہونچ گئے۔ یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائر ہورہا ہے ۔