بینک و ملٹی نیشنل کمپنیوں میں روزگار کا جھانسہ

   

Ferty9 Clinic

نوجوانوں سے لاکھوں روپئے رقومات حاصل کرنے والے دو نوجوان گرفتار، ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد۔/25جولائی، ( سیاست نیوز) مختلف محکمہ جات میں ملازمتیں فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے والے دو افراد کوکمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر بی رادھا کشن راؤ نے کہاکہ 26 سالہ گنگادھر پردیپ اور اس کا ساتھی ای آدتیہ منصوبہ بند طریقہ سے بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے کی غرض سے یہ دعویٰ کیا کہ وہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا، محکمہ ریلوے، دفاعی ادارہ ڈی آر ڈی او، سنگارینی کالریز، جی وی کے کمپنی اور دیگر ملٹی نیشنل کمپنیوں میں آسانی سے ملازمتیں فراہم کرسکتے ہیں۔ دھوکہ بازوں کی باتوں میں آکر کئی بے روزگار نوجوانوں نے تقررات کیلئے لاکھوں روپئے ان کے حوالے کئے۔ ڈی سی پی ٹاسک فورس نے کہا کہ مذکورہ دھوکہ بازوں نے کلرک کے عہدہ کیلئے فی کس 7 لاکھ روپئے اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا و دیگر اداروں میں ملازمت کیلئے 9 لاکھ وغیرہ کی بھاری رقومات حاصل کی۔ کچھ دنوں بعد جی پردیپ اور آدتیہ نے بے روزگار نوجوانوں کو فرضی تقرر نامے حوالے کئے جس کے نتیجہ میں نوجوان اپنی ملازمتوں کا جائزہ لینے کیلئے پہنچنے پر انہیں دھوکہ دہی کا شکار ہونے کا پتہ چلا۔ کئی نوجوانوں نے دھوکہ بازوں سے فون پر ربط پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن وہ دستیاب نہیں تھے۔ شہر کے گوپال پورم پولیس اسٹیشن، رچہ کنڈہ میر پیٹ اور گوداوری کھنی پولیس اسٹیشنس میں دھوکہ دہی کے مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے مذکورہ دھوکہ بازوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 13 لاکھ نقد رقم اور کئی محکمہ جات کے فرضی تقرر نامے اور نوجوانوں کے سرٹیفکیٹس وغیرہ ضبط کرلئے اور انہیں گوپال پورم پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا۔