بینک کو 1,285.45 کروڑ کا دھوکہ

   

سی بی آئی نے پرائیویٹ بینک کیخلاف معاملہ درج کرلیا
حیدرآباد: سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن(سی بی آئی)نے کہا ہے کہ اس نے تقریبا1285.45 کروڑروپئے کا بینک کو نقصان کرنے کے الزامات پر حیدرآباد کی ایک پرائیویٹ کمپنی اور اس کے ڈائرکٹرس کے خلاف معاملہ درج کرلیاہے ۔گولڈن جوبلی ہوٹلس پرائیویٹ لمیٹیڈ اور دیگر بشمول اس کے ڈائرکٹرس لکشمی نارائنا شرما،ارجن سنگھ اوبرائے ،مس نیہاگمبھیر اور یسدیپ شرما کے ساتھ ساتھ دیگر سرکاری عہدیداروں کے خلاف بینک دھوکہ دہی پر معاملہ درج کرلیاگیا ہے ۔سی بی آئی نے چار مقامات بشمول حیدرآباد،دہلی اور اس معاملہ کے ملزمین کے مکانات کی تلاشی لی گئی۔یہ تلاشیاں دستاویزات برآمد کرنے کے لئے کی گئی۔سرکردہ ایجنسی نے اپنے پریس ریلیز میں یہ بات بتائی۔اس بات کاالزام ہے کہ پرائیویٹ کمپنی جس کی نمائندگی اس کے ڈائرکٹرس کرتے ہیں نے 2009تا2015کے درمیان بینک آف بروڈا حیدرآباد کے کنزورشیم کے تحت 678.89 کروڑ روپئے اور 50 کروڑ روپئے کے این ایف بی ایل حاصل کئے۔ یہ بھی الزام ہے کہ پروجیکٹ پر عمل کے دوران کمپنی نے دھوکہ دہی سے تجارت کی اور مشتبہ معاملات بھی انجام دیئے ۔یہ غیر وصول شدہ1285.45 کروڑ روپئے کی رقم 31مارچ 2015کو غیر کارکرد اثاثہ(این پی اے )بن گئی۔