نئی دہلی: یوتھ کانگریس نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر الیکٹورل بانڈز کے ذریعے پیسے بٹور کر اپنی تجوریاں بھرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ کانگریس کے بینک کھاتوں کو سیل کر کے اہم اپوزیشن پارٹی کو الیکشن کے وقت مالی طور پر معذور بنانے کا کام کیاہے ۔یوتھ کانگریس کے قومی میڈیا انچارج ورون پانڈے نے کہا کہ یوتھ کانگریس کے کارکن 5 رائسینا روڈ سے شاستری بھون کی طرف جلوس کے ساتھ اور نعرے لگاتے ہوئے نکلے ، لیکن پولس نے راجندر پرساد روڈ پر بھاری رکاوٹیں لگا کر مظاہرین کو روک دیا۔انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس کے صدر سرینواس بی وی، جو مظاہرین کی قیادت کر رہے تھے ، نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے انتخابی بانڈز کو منسوخ کرنے کے بعد سے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی قیادت والی مرکزی حکومت سخت بے چین ہے ۔