حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو بینک کے ضبط شدہ کاروں کی خرید وفروخت کے نام پر عوام کو جھانسہ دیتے ہوئے لاکھوں روپئے ہڑپ لیا تھا۔ بتایا جاتاہے کہ 32 سالہ ایم سریش ساکن نامپلی سابق میں آئی سی آئی سی آئی اور ایچ ڈی ایف سی بینکس میں ملازمت کرچکا ہے اور وہ قرض کی وصولی کے شعبہ میں ملازمت کرتا تھا۔ معقول آمدنی نہ ہونے کے نتیجہ میں اس نے عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے رقومات ہڑپ لینے کا منصوبہ تیارکیا۔ مذکورہ دھوکہ باز نے خود کو بینک کے ضبط شدہ کاروں کی ڈیلنگ سے وابستہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کئی افراد سے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے اور وہ انہیں ضبط شدہ کاریں فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے اسے گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے نقد رقم اور موبائیل فون وغیرہ ضبط کرتے ہوئے پولیس لنگر حوض کے حوالے کردیا۔