بینک یونینوں کی 30 اور31 جنوری کی ہڑتال ملتوی

   

نئی دہلی: یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز (یو ایف بی یو) نے ممبئی میں ہونے والی مفاہمت کی میٹنگ میں طے پانے والے معاہدے کے بعد 30 اور31 جنوری کو ہونے والی دو روزہ ملک گیر بینک ہڑتال کو ملتوی کر دیا ہے۔ بینک ایمپلائز ایسوسی ایشن (اے آئی بی ای اے) کے آل انڈیا جنرل سکریٹری سی ایچ وینکٹاچلم نے یہ اطلاع دی۔وینکٹاچلم کے مطابق، انڈین بینک ایسوسی ایشن (آئی بی اے) نے 31 جنوری کو یونینوں کے ساتھ میٹنگ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جمعہ کو ہونے والی مفاہمتی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ 31 جنوری کو 5 روزہ بینکنگ، پنشن کی اپ ڈیٹ اور پرانی پنشن اسکیم کی بحالی کے تین مشترکہ مسائل پر بات کی جائے گی۔دیگر مسائل پر متعلقہ حکام اور مزدور یونینوں سے الگ الگ بات چیت کی جائے گی۔ خیال رہے کہ کئی بینک یونینوں پر مشتمل گروپ یو این بی یو نے پہلے اپنے مختلف مطالبات کے لیے ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ پیر اور منگل کے روز کی اس ہڑتال سے صارفین کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ تاہم اب ہڑتال کے ملتوی ہونے کے بعد صارفین نے راحت کی سانس لی ہے۔