بین الاقوامی سطح پر سونے کی اسمگلنگ کرنے والی ٹولی بے نقاب

   

لاکھوں روپئے مالیتی سونا ضبط ، کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /6 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس نے سونے کی اسمگلنگ کی بین الاقوامی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک مبینہ اسمگلر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے لاکھوں روپئے مالیتی سونا برآمد کرلیا ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس میں میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 24 سالہ عبدالحئی تمیم ساکن گولکنڈہ نے بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 میں واقع پیپلز لاگیسٹکس میں سوپر وائزر کی ملازمت حاصل کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ دوبئی کے متوطن 32 سالہ سید افضل حسین جس کا تعلق شہر کے علاقے ہمایوں نگر سے ہے 12 سال قبل دوبئی کو منتقل ہوگیا تھا ۔ اس نے سید عبدالحئی تمیم سے رابطہ قائم کرتے ہوئے دوبئی تا حیدرآباد سونے کی اسمگلنگ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ۔ انجنی کمار نے کہا کہ دوبئی میں کم دام اور اچھی کوالٹی والا سونا حاصل کرتے ہوئے اسے زیادہ قیمت پر حیدرآباد میں فروخت کرنے کا بھی منصوبہ بنایا تھا ۔ افضل عبدالحئی تمیم کو فلائیٹ کی ٹکٹس بھیجا کرتا تھا اور وہ دوبئی پہونچنے کے بعد تمیم کے ہاتھوں پاؤڈر ، پیسٹ یا زیورات کی شکل میں سونا اسمگلنگ کروایا کرتا تھا ۔ جاریہ سال فبروری میں افضل نے تمیم کو دوبئی طلب کرکے 550 گرام پیسٹ کی شکل میں سونا حوالے کیا اور تمیم اس سونے کے ساتھ شہر منتقل ہوا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے تمیم کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے لیا اور تفتیش کرنے کے بعد اس کے قبضے سے 17 لاکھ 50 ہزار مالیتی سونا برآمد کرلیا گیا ۔ گرفتار نوجوان کو کسٹمز عہدیداروں کے حوالے کردیا گیا ۔