پوچھ تاچھ کے بعد مزید سنسنی خیز انکشاف ہونے کے امکانات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بین الاقوامی ڈرگ ٹولی کے اہم رکن ٹونی کو سٹی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ ریاست بھر سنسنی اور بڑے سرمایہ کاروں کی گرفتاری کا سبب بننے والے منشیات اسمگلر ٹونی کو 5 دنوں کی پولیس تحویل میں لیا گیا ہے ۔ ٹونی کو پنجہ گٹہ پولیس کی تحویل میں دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ٹونی نے 34 تاجروں کو ڈرگس فروخت کیا تھا ۔ ان تاجروں سرمایہ کاروں کی پولیس تحویل کیلئے عدالت میں درخواست داخل کی جاچکی ہے ۔ اس کے بعد مزید تاجروں کے نام منظر عام پر آنے کے امکانات ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹونی کے ساتھ مزید 7 افراد کی تحویل کے لیے داخل درخواست کو عدالت نے قبول نہیں کیا ۔ اس کیس سے متعلق سٹی پولیس نے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی ہے ۔ منشیات پر قابو پانے سی وی آنند نے سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور منشیات کی فروخت کرنے والوں کے علاوہ استعمال کنندوں کو بھی گرفتار کرنے کا آغاز کیا ۔ سی وی آنند کا ماننا ہے کہ منشیات کے چلن پر مکمل قابو پانے استعمال کرنے والوں کو گرفتار کرنے سے اس کے تاجر ناکام ہوجائیں گے ۔ منشیات کے اس معاملہ میں تاحال 23 افراد کی نشاندہی کرلی گئی ہے جن میں اصل سرغنہ ٹونی کے علاوہ تین درمیانی افراد ہیں ۔ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ گرفتار افراد میں ٹونی کے علاوہ تین دیگر افراد کا تعلق منشیات کی سربراہی سے جب کہ دیگر کا شمار استعمال کرنے والوں کے زمرے میں آتا ہے ۔ ٹونی کی گرفتاری کے بعد روپوشی اختیار کرنے والوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیموں کو تیار کیا گیا ہے ۔ سال 2013 میں نائجیریا سے ممبئی آئے ٹونی نے منشیات کا کاروبار شروع کیا ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ ٹونی اس وقت ہی سے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہے ۔ اور حیدرآباد میں ڈرگ سربراہ کررہا ہے دیگر گاہکوں کی فہرست میں کم از کم 60 افراد کے شامل ہونے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق ٹونی ایک وقت 20 ہزار روپئے فی گرام کوکین کو فروخت کرتا تھا ۔پولیس کا کہنا ہے چونکہ ٹونی اکثر واٹس ایپ کے ذریعہ منشیات کی فروخت کرتا تھا اس وجہ سے اس کا کال ڈیٹا حاصل ہونا مشکل تھا ۔ع