بین ریاستی بدنام زمانہ سارقوں کی ٹولی بے نقاب

   


مسروقہ زیورات و موٹر سائیکلیں ضبط، حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : حیدرآباد سٹی پولیس نے ایک بین ریاستی بدنام زمانہ سارقوں کی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 6 رکنی بدنام زمانہ عادی سارقین آٹو موبائیل سارقوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ عابڈس اور ساوتھ زون ٹاسک فورس پولیس کی ٹیم نے مشترکہ کارروائی میں اس ٹولی کو بے نقاب کیا اور 19 سالہ واجد، 20 سالہ سونو عرف سونو ساکنان بیدر، 25 سالہ سمیر ساکن وٹے پلی، 75 سالہ شفاعت ساکن وٹے پلی کے علاوہ مسروقہ جائیداد کو خریدنے والے 23 سالہ اسمعیل ساکن کریم نگر اور 25 سالہ بابو راؤ ساکن بیدر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ اس ٹولی نے 6 ماہ کے عرصہ میں 26 وارداتیں انجام دی ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس بدنام زمانہ بین ریاستی ٹولی کی ان وارداتوں کا پولیس کو گذشتہ روز ایک مندر میں سرقہ کے بعد سراغ دستیاب ہوا۔ عابڈس پولیس نے ساوتھ زون ٹاسک فورس کے ساتھ تحقیقات کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کیا اور 23 موٹر سائیکل، ایک کیلو چاندی، 6 گرام سونا، کل 35 لاکھ مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے بتایا کہ اس ٹولی کے تین ارکان شاہد اور عامر ساکنان بیدر اور الیاس ساکن ٹولی چوکی مفرور بتائے گئے ہیں۔ کمشنر پولیس نے ساوتھ زون ٹاسک فورس انسپکٹر راگھویندرا اور عابڈس انسپکٹر انجایا کی کارکردگی کی ستائش کی۔