بین ریاستی سارقوں کی ٹولی بے نقاب، دو سارق گرفتار

   

خصوصی تشکیل کردہ ٹیم نے تعاقب کر کے پکڑلیا، مسروقہ کا سامان ضبط
حیدرآباد: جواہر نگر پولیس نے بین ریاستی سارقوں کی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے دو سارقوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے شکایت کے بعد فوری کارروائی انجام دی جبکہ مسلسل وارداتوں کے سبب مجرمین کی گرفتاریوں کے لئے اسی علاقہ میں 10 خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا تھا ۔ پولیس نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی اور موٹر سیکل پر سوار ان رہزنوں کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 26 سالہ گلاب سنگھ اور 29 سالہ شو سنگھ جن کا تعلق راجستھان سے بتایا گیا ہے ، انہیں گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے تعاقب کے بعد فرار ہونے کی ان کی کوشش کو ناکام بنادیا اور انہیں گرفتار کرتے ہوئے مسروقہ سامان کو ضبط کرلیا کل ان دونوں نے جواہر نگر کے علاقہ میں ایک کرانہ دوکان کے قریب خاتون کے گلے سے منگل سوتر کا سرقہ کرلیا تھا ۔ پولیس پوچھ گچھ کے دوران ان دونوں نے مزید چار ایسی وارداتوں کا جرم قبول کرلیا جو انہوں نے انجام دی تھیں۔ جواہر نگر پولیس حدود میں دو ، سنگاریڈی اور پٹن چیرو حدود میں ایک ایک واردات انجام دی تھی ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے مسروقہ سامان ضبط کرلیا اور انہیں گرفتار کرلیا ۔