بین ریاستی شٹر لفٹنگ سارقین کی ٹولی گرفتار

   

نقد رقم ، موبائل فون و دیگر اشیاء ضبط ، ٹاسک فورس ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد : /17 ستمبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے 5 رکنی بین ریاستی شٹرلفٹنگ کے ذریعہ سرقہ کرنے والوں کی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 23 سالہ شیخ مسیح الدین ہے اور اس کا تعلق بہار کے ضلع کشن گنج سے ہے ۔ وہ اپنے ساتھیوں محمد آزاد ، پرویز عالم ، محمد جاوید اور محمد مختار حسین کی مدد سے یہ وارداتیں انجام دے رہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ شیخ مسیح الدین کو حیدرآباد اور سائبر آباد پولیس نے شٹر توڑکر دوکانات میں سرقہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔ /26 اگست کی شب ڈائمنڈ ہاؤس گراسری اسٹورس جو مارکٹ پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ہے میں شٹر توڑکر اندر داخل ہوتے ہوئے نقد رقم اور دیگر اشیاء کا سرقہ کرلیا تھا ۔ ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے ملزم کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ کرتے ہوئے اس ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 3 لاکھ نقد رقم ، موبائیل فون وغیرہ بھی برآمد کرلئے ہیں ۔ B