حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) حیات نگر اور ایس او ٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات منتقلی کے ایک بین ریاستی ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر سدھیر بابو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ دو افراد بشمول ایک لڑکے کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان کے قبضہ سے پولیس نے 80 گرام ہیروئن اور 4 موبائیل ضبط کرلئے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ19 سالہ اشوک کمار بی فارمیسی طالب علم ساکن لنگر حوض متوطن راجستھان کے علاوہ ایک کم عمر لڑکے کو گرفتار کرلیا۔ یہ دونوں جالو راجستھان سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس ہیروئن کی مالیت 50 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ راجستھان سے 5 تا 6 ہزار روپئے فی گرام خرید کر حیدرآباد میں 10 تا 20 ہزار روپئے فی گرام فروخت کررہے تھے۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ راجستھان کے ان علاقوں سے منشیات کی اسمگلنگ کی جارہی تھی اور سرحدی اضلاع ہونے کے سبب شبہات میں اضافہ ہورہا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ منشیات کی منتقلی کیلئے پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کو استعمال کیا جارہا ہے اور زیادہ خریدار لاری ڈرائیورس اور طالب علم پائے گئے ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ منشیات کی خریداری کرنے اور ان کا استعمال کرنے والوں پر بھی نظر رکھی جارہی ہے اور انہیں بھی تحقیقات کے دائرے میں لیا جارہا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ گرفتار کم عمر لڑکا اس ریاکٹ کا اہم حصہ ہے جو اہم رول ادا کررہا تھا۔ع