بین ریاستی منشیات منتقلی کے ریاکٹ کا پردہ فاش

   

تین افراد بشمول دو بھائی گرفتار، راچہ کنڈہ اور سرورنگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) سرورنگر اور ایس او ٹی راچہ کنڈہ پولیس نے ایک بین ریاستی منشیات منتقلی ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور تین افراد کو گرفتار کرلیا جن میں دو بھائی شامل ہیں جو راجستھان سے ہیروئن منتقل کرتے ہوئے حیدرآباد میں فروخت کررہے تھے۔ زندگی کے گذر بسر کیلئے روزگار کی تلاش میں حیدرآباد منتقل ہونے والی ان راجستھانی بھائیوں نے منشیات کو فروخت کرنا شروع کردیا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل آپریشن ٹیم راچہ کنڈہ اور سرورنگر پولیس نے مشترکہ کارروائی انجام دی اور اس کارروائی میں 23 سالہ رمیش کمار اور اس کے بھائی مادھو رام 25 سالہ اور 28 سالہ دنیش کمار ساکن بوڈاپل کو گرفتار کرلیا۔ یہ دونوں بھائی بورابنڈہ کے علاقہ میں رہتے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے دیگر دو افراد مفرور ہیں جن کا تعلق راجستھان سے پایا جاتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ وکرم گوئیل اور دنیش کلیان مفرور ہیں جن سے گرفتار افراد ہیروئن کو کم قیمت میں خرید کر زائد قیمت میں حیدرآباد میں فروخت کررہے تھے۔ سال 2022ء میں حیدرآباد منتقل ہونے والے ان بھائیوں نے منشیات کو فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا جو پیشہ سے ریاپیڈو وہیکل چلارہے تھے۔ انہوں نے راجستھان سے ہیروئن کو خرید کر زائد قیمت میں حیدرآباد میں فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ راجستھان سے 6 ہزار روپئے فی گرام ہیروئن کو خرید کر 12 ہزار روپئے فی گرام فروخت کیا جارہا تھا۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے تقریباً 44 گرام منشیات دو موٹرسائیکل ویٹنگ مشین موبائیل فونس اور سیل ٹاپ کو ضبط کرلیا۔ع