بین ریاستی منشیات کا ریاکٹ بے نقاب، دو افراد گرفتار ، منشیات ضبط

   

ایس او ٹی ایل بی نگر زون اور چیتنیہ پوری پولیس کی کارروائی ،کمشنر رچہ کنڈہ دیویندر چوہان کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /9 اگست ( سیاست نیوز ) منشیات کے خلاف جاری کارووائیوںمیں رچہ کنڈہ پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے بین ریاستی منشیات کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔ دو مختلف کارروائیوں میں رچہ کنڈہ پولیس نے راجستھان سے حیدرآباد منتقل کئے جارہے منشیات کے ریاکٹ کو بے نقاب کیا اور دو مختلف کاررائیوں میں 2 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے منشیات کو ضبط کرلیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ دیویندر سنگھ چوہان نے بتایا کہ ایس او ٹی ایل بی نگر زون اور چیتنیہ پوری پولیس نے ایک کارروائی میں 24 سالہ دیپارام شبنوئی ساکن کوکٹ پلی متوطن راجستھان کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 70 گرام ہیروئین 30 گرام ایم ڈی ایم اے ایک موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل کے علاوہ بنک کھاتے میں موجود تین لاکھ 21 ہزار روپئے ضبط کرلئے ۔ جن کی کل مالیت 60 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ بشنوئی سال 2021 میں حیدرآباد آیا تھا اور کوکٹ پلی علاقہ میں مقیم تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ بشنوئی نشہ کا عادی بن گیا اور منشیات کی خریداری کے دوران اس نے طریقہ کار کو دیکھ لیا اور منصوبہ تیار کرتے ہوئے منشیات کو استعمال کرنے کے علاوہ انہیں فروخت کرنا شروع کردیا ۔ اس نے اپنے آبائی مقام میں رمیش کمار سے رابطہ کیا جو بالالور راجستھان کا متوطن ہے ۔ بشنوئی نے رمیش سے منشیات کو خرید کر اسے حیدرآباد میں فروخت کرنے لگا ۔ 5 ہزار تا 6 ہزار روپئے فی گرام منشیات کو خرید کر 8 تا 10 ہزار روپئے میں حیدرآباد میں فروخت کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ بشنوئی پولیس کارروائی سے بچنے کیلئے اکثر ڈیلوری سرویس کا استعمال کرتا تھا ۔ ایس او ٹی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئیچیتنیہ پوری پولیس کے ساتھ کام کرتے ہوئے دیپارام بشنوئی کو گرفتار کرلیا ۔ دوسری کارروائی میں ادی پٹلہ اور ایس او ٹی مہیشورم پولیس نے 40 سالہ مہیندر سنگھ ساکن ترکا یمجال کو گرفتار کرلیا ۔ جس کا آبائی مقام راجستھان بتایا گیا ہے ۔ مہیندر سنگھ 10 سال قبل حیدرآباد آیا تھا اور یہاں زندگی بسر کر رہا تھا ۔ اس نے اوپیم نامی نشیلی دواکو فروخت کرنا شروع کیا ۔ آسان انداز میں پیسے کمانے کی خاطر اس نے اپنے آبائی مقام پر اوپیم کی کاشت شروع کی اور مرچ پاوڈر اور اجناس میں چھپاکر اوپیم کو حیدرآباد منتقل کرنے لگا ۔ 5 تا 6 ہزار روپئے فی 10 گرام اوپیم کو حیدرآباد میں فروخت کرنے لگا خفیہ اطلاع پر ادی بٹلہ اور ایس او ٹی مہیشورم پولیس نے سنگھ کو گرفتار کرلیا ۔ ع