بین ریاستی موٹرسائیکلوں کے سارقین کی ٹولی گرفتار

   

عادی ملزمین گرفتار‘مسروقہ گاڑیاں برآمد‘نظام آباد کمشنر پولیس کی پریس کانفرنس

نظام آباد: 18؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بین الریاستی موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنے والے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے پولیس نے اہم کارروائی انجام دی۔ جس میں متعدد عادی ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا اور بڑی تعداد میں مسروقہ گاڑیاں برآمد کی گئیں۔ نظام آباد کمشنر پولیس پی سائی چیتنیا نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ طویل عرصہ سے اضلاع نظام آباد اور نرمل کے مختلف علاقوں میں سرگرم تھا اور خاص طور پر پلسر بائیکس کو نشانہ بنا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمین میں شیخ ارباز عرف مایا، شیخ آریب اور دیگر شامل ہیں جبکہ بعض ملزمین تاحال مفرور ہیں۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمین ایک منظم گیانگ کی شکل میں گزشتہ دو سال سے چوری کی وارداتیں انجام دے رہے تھے اور مسروقہ بائیکس کو مہاراشٹرا کے دھرم آباد اور دیگر علاقوں میں کم قیمت پر فروخت کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے تکنیکی شواہد اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے نو ی پیٹ کے قریب اییاپا مندر کے پاس گاڑیوں کی تلاشی کے دوران ملزمین کو گرفتار کیا۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر 17 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں اور دو اضلاع کے 15 مقدمات کو حل کر لیا گیا۔کمشنر پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار شدگان کو عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ پر بھیجا جا رہا ہے۔ جبکہ مفرور ملزمین کی تلاش جاری ہے۔ اس کامیاب کارروائی پر اے سی پی پرکاش یادو اور سی سی ایس انچارج اے سی پی سید مستان علی کی نگرانی میں کام کرنے والی پولیس ٹیم، جس میں سرکل انسپکٹر بی سرینواس، انسپکٹر ڈی سائناتھ، سب انسپکٹر مہیش، سب انسپکٹر کے سریناتھ اور دیگر عملہ شامل ہے۔ ان کی ستائش کی گئی۔ کمشنر نے پوری ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ۔