1930اور 1033ہیلپ لائنس نمبرس ، وزارت داخلہ کی پریس کانفرنس
نئی دہلی ۔4مئی ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت داخلہ نے پیر کو ریاستوں اور مرکزی علاقوں سے کہا کہ بین ریاستی ٹرک اور اشیاء لے جانے والی گاڑیوں کی آمد و رفت کو پُرسکون اور بلارکاوٹ بنایا جائے اور کہاکہ ضروری اشیاء کی سپلائی ناگزیر ہے اور کووڈ ۔19 کے سبب جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کے باوجود معیشت کے پہیوں کو چلاتے رہنا پڑے گا ۔ ہوم منسٹری کی جوائنٹ سکریٹری پونیا سریواستو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وزارت نے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کی منسٹری کے ساتھ مشاورت میں ٹال فری نمبر 1930 جاری کیا ہے جس پر ٹرک یا مختلف اشیاء لے جانے والے آپریٹرس شکایات درج کراسکتے ہیں ۔ اگر وہ نیشنل ہائی وے پر سفر کررہے ہیں تو وہ نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کے ہیلپ لائن نمبر 1033 سے رابطہ پیدا کرسکتے ہیں ۔ پونیا نے کہاکہ وزارت نے ریاستوں اور مرکزی علاقوں سے اپیل کی ہے کہ انٹر اسٹیٹ ٹریفک میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے کیونکہ معاشی سرگرمی کو فروغ دینے کیلئے ضروری اشیاء کی بلارکاوٹ سربراہی ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم نمبر 1930 چوبیس گھنٹے کام کررہا ہے ۔