8 افراد گرفتار، سونا، پستول، کارتوس اور دیگراشیاء ضبط ، سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ سائبرآباد پولیس نے بین ریاستی ڈاکوؤں کی ٹولی کو بے نقاب کردیا۔ اس ٹولی نے ٹاملناڈو کے کرشنا گیری ضلع میں متھوڈ فینانس میں ڈاکہ ڈالا تھا اور مسروقہ سامان کے ساتھ شمالی ہند جارہی تھی۔ کرشنا گیری ضلع کے ایس پی کی اطلاع کے بعد سائبرآباد پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے رائیکل ٹول پلازہ پر تلاشی کے دوران کنٹینر کو روک لیا اور ٹولی کو بے نقاب کردیا۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ8 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 25 کیلو سونا، 7 پستول ،10 میگزینس، 92 کارتوس، ایک لاری کنٹینر، ایک سومو گاڑی، 13 سیل فونس اور 93 ہزار روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے 22 سالہ روپ سنگھ باگھل، 38 ساکلہ شنکر سنگھ ساگھال، 22 سالہ پون کمار، ویشکرما ساکنان جبل پور ضلع مدھیہ پردیش، 24 سالہ بھوپیندر رامنجی، 32 سالہ وویک منڈل ساکنان جھارکھنڈ، 55 سالہ نیک رام، 35 سالہ راجیو کمار ساکنان میرٹھ اتر پردیش اور لولیہ پانڈہ جبل پور کو گرفتار کرلیا جو ہتھیاروں کا ڈیلر بتایا گیا ہے۔ اس ٹولی کا ایک اور رکن امیت ساکن اندور مفرور بتایا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ امیت شنکر، روپ سنگھ ، سجیت سنگھ ، سوربھ اور روشن سنگھ نے اکٹوبر 2020 میں پنجاب کے لدھیانہ میں واقع متھوڈ فینانس میں ڈکیتی کی کوشش کی تھی۔ اس دوران سجیت ، سوربھ اور روشن سنگھ گرفتار کرلئے گئے۔ 22 جنوری کو موٹر سائیکلوں پر پہنچ کر ان ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی اور لوٹا ہوا سامان ایک کنٹینر میں ڈال کر شمالی ہند منتقل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ موٹر سائیکلوں سے لدی ہوئی لاری جو لوڈ خالی کرچکی تھی ڈاکوؤں نے اس کا استعمال کیا۔ ڈکیتی کی واردات کے بعد فوری چوکسی اختیار کرنے والی کرشناگیری ضلع پولیس نے سائبرآباد پولیس کو چوکس کیا جس کے ساتھ ہی تلنگانہ پولیس نے فوری چوکسی اختیار کرلی اور تینوں کمشنریٹ کی خصوصی ٹیموں کو چوکس کردیا۔ رائیکل ٹول پلازہ کے قریب پولیس سائبرآباد نے اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔