اسمگلر ٹولی کے 8 ارکان گرفتار، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ وشاکھاپٹنم سے ظہیرآباد منتقل کئے جارہے گانجہ کے ایک بڑے ریاکٹ کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا اور اس بین ریاستی گانجہ اسمگلنگ کرنے والی ٹولی کے 8 ارکان کو گرفتار کرلیا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون اور حیات نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی میں اس ٹولی کو بے نقاب کیا اور 22 سالہ پی ناگیش، 22 سالہ ایم ہری، 30 سالہ آر وی کشور ریڈی، 22 سالہ تیجا، 31 سالہ ایس چکرورتی ، 28 سالہ بی ایل ریڈی اور 27 سالہ شیواجی ساکنان وشاکھاپٹنم کو گرفتار کرلیا۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ ناگیش بتایا گیا ہے جو گانجہ کے کاروبار میں ماہر ہے۔ گانجہ خریدنے اور فروخت کرنے والوں سے اس کے تعلقات پائے جاتے ہیں۔ اس نے سازش تیار کرتے ہوئے گانجہ کو منتقل کرتا تھا۔ وشاکھاپٹنم کے ایجنسی علاقہ سے گانجہ کو خرید کر زائد قیمت میں پڑوسی ریاستوں کو گانجہ منتقل کیا جارہا تھا۔ وشاکھاپٹنم سے ظہیرآباد تک گانجہ منتقل کرنے کے بعد اس گانجہ کو مہاراشٹرا میں منتقل کرنے کا ان کا منصوبہ تھا۔ انہوں نے اس کے لئے ایک بڑی گاڑی کا انتظام کیا تھا ۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ان کے قبضہ سے بڑے پیمانے پر650 کیلو گرام گانجہ ضبط کرلیا اور اس کے علاوہ ویان ، کار، موبائیل فون جملہ مالیتی 83 لاکھ 60 ہزار کی اشیاء ضبط کرلیا اور انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا۔