بین ریاستی گانجہ اسمگلنگ کا نیٹ ورک بے نقاب

   

4 کروڑ 15 لاکھ روپئے مالیاتی نشہ آور اشیاء برآمد، 9 اسمگلر گرفتار

کتہ گوڑم /28 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے ضلع بھدرادری کتہ گوڑم میں واقع جولور پہاڑ اور سی سی ایس پولیس نے مشترکہ طور پر منشیات کے خلاف ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے بین ریاستی گانجا اسمگلنگ کے گٹھ جوڑ کو توڑ دیا۔ بھاری مقدار میں گانجا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پولیس نے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے 840.540 کلو گرام گنجا، (جس کی مالیت 4 کروڑ 15 لاکھ روپئے بتائی گئی) ایک ایچر گاڑی، دو موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد کی۔یہ کارروائی گزشتہ کل شام 6:10 بجے عمل میں آئی، جب پولیس نے خفیہ اطلاع پر جولور پہاڑ منڈل کے “پَڈَمٹی نرساپورم” گرام پنچایت کے قریب ایک مشتبہ گاڑی (HR55AH7375) کو روکا۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر اس میں بھاری مقدار میں گانجا پایا گیا، جو کہ اڈیشہ سے بھدراچلم، کتہ گوڑم، کھمم اورحیدرآباد کے راستے دلہی منتقل کیا جا رہا تھا۔پولیس کے مطابق، ضبط شدہ منشیات کی بین الاقوامی بازار میں قیمت تقریباً 4 کروڑ 15لاکھ 27 ہزار روپے ہے۔ گرفتار شدگان کا تعلق مختلف ریاستوں سے ہے جن میں آندھرا پردیش، تلنگانہ اور اڈیشہ شامل ہیں۔ یہ گروہ مختلف شہروں میں گانجا سپلائی کرنے کی کوشش میں تھا۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 112/2024 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ضلع بھدرادری کتہ گوڑم کے ایس پی روہت راج نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو مبارکباد دی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر 112 نمبر پر دیں۔انہوں نے کہا کہ نشہ آور مواد نہ صرف نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے بلکہ معاشرے کی جڑوں کو بھی کمزور کر رہا ہے، اور اس لعنت کے خلاف پولیس کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔