تین افراد گرفتار، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ سریدھر بابو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) عبداللہ پور میٹ پولیس اور اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے ایک اہم کارروائی میں بین ریاستی گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور تین افراد کو گرفتار کرلیا جو گانجہ منتقل کررہے تھے۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ سریدھر بابو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 360 کیلو گانجہ ایک مہندرا 500 کار اور 4 سیل فونس ضبط کرلئے۔ کمشنر پولیس کے مطابق 29 سالہ وکاس تیاگی ساکن بھگپاٹ ضلع اور 30 سالہ ابرار، 32 سالہ امیرالدین ساکنان میرٹھ کو گرفتار کرلیا جو راجمندری آندھراپردیش سے گانجہ اترپردیش منتقل کررہے تھے۔ پولیس کمشنر کے مطابق گانجہ اور ضبط شدہ اشیاء کی مالیت ایک کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ تینوں آپس میں ساتھی ہیں۔ اور ان کا رابطہ غازی آباد کے ساکن گانجہ اسمگلر سے ہوا جس نے انھیں گانجہ منتقل کرنے کی اور معقول آمدنی کی پیشکش کی جس کے بعد راجمندری روانہ کیا اور مہندرا ایکس ۔ یو ۔ وی گاڑی میں گانجہ کے 72 پیاکٹس فی پیاکٹ 5 کیلو گانجہ کا ہے، گاڑی میں لوڈ کرلیا اور راجمندری سے اترپردیش کے لئے روانہ ہوگئے۔ خفیہ اطلاع پر ایل بی نگر اسپیشل آپریشن ٹیم نے عبداللہ پور میٹ پولیس کے ساتھ کارروائی میں اس ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا جو رات کے اوقات حیدرآباد سے گزر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق سابقہ میں اس ٹولی نے تین تا 4 مرتبہ راجمندری سے اترپردیش گانجہ منتقل کیا۔ اس پریس کانفرنس میں ڈی سی پی ایس او ٹی مرلی دھر و دیگر موجود تھے۔ ع