بین مذاہب اتحاد کو قائم رکھنے کی کوشش کی ستائش

   

ورنگل میں شانتی سنگھم کے زیر اہتمام انعامات کی تقسیم ، ڈاکٹر بنڈا پرکاش، ڈاکٹر انیس صدیقی کا خطاب

ورنگل /11ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شانتی سنگھم ورنگل کے زیر اہتمام کاکتیہ یونیورسٹی کے سینمار ہال میں طلباء و طالبات کو انعامات تقسیم پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صدر شانتی سنگھم نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے تلنگانہ اسمبلی کونسل کے ڈپٹی چیرمین ڈاکٹر بنڈا پرکاش ، رجسٹرار کا کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل ملا ریڈی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر بنڈا پرکاش نے شانتی سنگھم کی کارکردگی کو خوب سراہا۔ پروفیسر ملا ریڈی رجسٹرار کاکتیہ یونیورسٹی نے شانتی سنگم سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صدر تنظیم ہذا نے شانتی سنگھم کی کارکردگی کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہر ورنگل میں بین مذہبی اتحاد کو قائم رکھتے ہوئے ایک دوسرے مذاہب کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیوں کے اژالہ کے لئے 1984سے شانتی سنگھم ورنگل میں بھر پور طریقہ سے ایک سعی مسلسل جاری رکھی ہوئی ہے۔ ہندو ، مسلم ،عیسائی اور سکھ طبقات پر مشتمل یہ انجمن شہر ورنگل میں بین مذہبی اتحاد کیلئے بر سر پیکار ہے۔ اس انجمن کی جانب سے مختلف یتیم خانوں اور ذ ہنی ، جسمانی طور پر معذور افراد کے لئے قائم شدہ انسٹی ٹیوٹ ہیں ۔ یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کے موقع پر تمام شہر کے اسکولس اور کالجس کے طلباء وطالبات کے درمیان تقریری ، تحریری اور پینٹنگ مقابلہ جات کا کاکتیہ یونیورسٹی میںانعقاد عمل میں لایا جاتا ہے۔ اس سال یوم آزادی کے موقع پرمقابلہ جات منعقد کئے گئے تھے۔ 10ستمبر 2024کو کاکتیہ یونیورسٹی سمینار ہال میں انعامات تقسیم پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں اول ، دوم اور سوم کے علاوہ ترغیبی انعامات مہمامان خصوصی کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے۔ پروگرام کا آغاز شانتی ترانہ سے ہوئی۔پروگرام کی نظامت جناب محمد ناظم الدین نے کی۔ پروفیسر مصطفی کنڑولر آف ایگزامنیشن کے یو نے کلیدی رول ادا کیا۔ نصیر الدین نے رپورٹ پیش کی۔ ہدیہ تشکر سے قبل بین مذہبی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ نروتم سوری نے اشلوک پڑھے اور عابد خان نے سورہ فاتحہ کی تلاوت کی۔ جناب سرفراز الدین نائب معتمد کے ہدیہ تشکر اور قومی ترانہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ اس موقع پر کوثر فاروقی ،فلپ لاجرس ،امجد بیگ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔