بین مذہبی مذاکرات کونسل کی جانب سے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد

,

   

وٹیکن سٹی 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بین مذہبی مذاکرات کی کونسل کی جانب سے ہر سال ماہ رمضان کے آغاز اور عیدالفطر کے موقع پر اسلامی برادری کو مبارکبادی کا پیغام روانہ کیا جاتا ہے۔ اِس پیام میں دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جاتا ہے اور مذہبی مقامات کے تحفظ میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے اتحاد کا ذکر کیا جاتا ہے۔ کونسل کے صدر کارڈینل میگول انجیل ایسو اور کونسل کے سکریٹری انڈونیل کوڈیتھواکو نے اِس پیام پر دستخط کئے۔ کونسل کے صدر نے کورونا وائرس سے متاثرہ انسانیت کے ساتھ ہمدردی اور اس کے خلاف جدوجہد میں عیسائیوں اور مسلمانوں کے متحدہ جدوجہد، بھائی چارہ اور یکجہتی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے اِس وباء سے انسانیت کے تحفظ کے لئے خدا سے دعا کی۔ اُنھوں نے مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ مسلمانوں اور عیسائیوں کے لئے مذہبی مقامات کافی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جو عبادت کے لئے مخصوص ہیں۔