بھوپال ۔ مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر گووند سنگھ نے ریاست میں نوکر شاہی کا غلبہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے آج حکومت سے سوال کیا کہ آمرانہ نوکر شاہی پر لگام کیوں نہیں لگائی جارہی ہے ۔ اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ریاست کے پنچایت کے وزیر مہندر سنگھ سسودیا نے نوکر شاہی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ریاست میں نوکر شاہی مسلسل وزراء، قائدین اور عوامی نمائندوں کی توہین کرتی ہے ۔ یہ ریاست میں عام بات ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان سے بیوروکریسی پر لگام لگانے کی درخواست کی۔ ڈاکٹر سنگھ نے الزام لگایا کہ سرکاری اہلکار حکومت کے احکامات کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، یہ افسوسناک ہے کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے وزیر سسودیا کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے (مسٹر سسودیا) نے کانگریس چھوڑ کر کمل ناتھ حکومت کو گرادیا، اس کے بعد اب انہیں بی جے پی حکومت میں ایسے دن دیکھنے ہی پڑیں گے ۔