ارکان اسمبلی کے ساتھ بہتر انداز میں روابط رکھنے تمام سرکاری عہدیداروں کو مرکز کی ہدایت
نئی دہلی ۔13فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت کے سرکاری احکامات کے مطابق تمام مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ مہذب طریقہ سے برتاؤ کریں اور ارکان اسمبلی کے ساتھ بھی ادب کے دائرے میں رہ کر ملاقات کریں ۔ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی ۔ تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی سرکاری ڈیوٹی انجام دینے کے دوران ادب اور قاعدہ کا لحاظ رکھیں ۔ عوام کے نمائندوں کے ساتھ پرٹوکول کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیئے ۔ حکومت نے جو رہنمایانہ خطوط مروج کئے ہیں اس پر عمل کرنا ضروری ہے ۔ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی عوام کے منتخب نمائندے ہوتے ہیں اور وہ ہماری جمہوریت میں اہم مقام رکھتے ہیں ۔ وزارت پرسونول نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری عہدیداروں کو اپنے فرائض کے سلسلہ میں کوتاہی نہیں کرنی چاہیئے اورنہ ہی کسی سے بدتمیزی کی جانی چاہیئے ۔ حکومت ہند کے کسی بھی وزارتوں یا محکموں سے کوئی اطلاع ملتی ہیں تو ان پر غور کرتے ہوئے ان تجاویز کو روبہ عمل لانا چاہیئے ۔ نظم و نسق اور ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے درمیان رابطہ کاری کا عمل حسن و خوبی سے انجام دیا جانا چاہیئے ۔ عوامی شکایت کی یکسوئی ہو یا پنشن کے معاملات ان کیلئے جو رہنمایانہ اصول بنائے گئے ہیں اس کے مطابق کام لیا جانا چاہیئے ۔ سنٹرل سکریٹریٹ مینول آفس کے طریقہ کار میں جو اصول بتائے گئے ہیں ان کے مطابق عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ اس بات کو ذہن میں رکھنا بھی ضروری ہے کہ کسی بھی عہدیدار کو شکایت ہے تو وہ مراعات کمیٹی سے رجوع کریں ۔ اسی طرح تمام وزارتوں اور محکموں کو بھی ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ وزارت پرسونول کی جاری کردہ ہدایت کے مطابق کام کریں ۔
