گھیکوار : گھیکوار کو گوار پاٹھا،کنوار اور کنوار بوٹی بھی کہتے ہیں۔یہ انگریزی میں ’’ایلوویرا‘‘ (Aloe Vera) کہلاتا ہے اور اب اسے صابنوں کے علاوہ آرائش اور افزائش حسن کی اشیاء اور شیمپووں میں بھی شامل کیا جا رہا ہے ۔اس کا خشک رس’’ایلوا‘‘ کہلاتا ہے۔اس کے موٹے پتوں کا گودا اور رس حسن افزائی کے علاوہ کئی امراض کا علاج ہوتا ہے۔ اس کا گودا،ایک چائے کا چمچہ روزانہ نگلنے سے جگر،معدے اور آنتوں کا فعل تیز ہو جاتا ہے،صاف خون بنتا اور رنگت نکھرتی ہے۔کٹی پھٹی جلد،زخموں،کھرنڈ،اور کیلوں پر لگانے سے فائدہ ہوتا ہے۔یہ جھریاں بھی دور کرتا ہے۔اس میں جراثیم مارنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔کیلوں کیلئے چہرے پر اس کا گودا اچھی طرح پیس کر لگائیں اور 10 منٹ بعد دھو لیں۔ شروع میں اس سے جلد خشک ہو گی،لیکن بعد میں ٹھیک ہو جائے گی۔
جلدی ٹانک : گھیکوار بہترین جلدی ٹانک ہوتا ہے۔اس کے پتوں کا رس جو زرد رنگ کا ہوتا ہے،15 منٹ تک چہرے پر لگانے کے بعد پانی سے دھو لیں۔جلد نرم و شاداب ہو جائے گی۔
ہونٹوں کیلئے : کٹے پھٹے اور خشک ہونٹوں پر اس کا گودا لگانا مفید ثابت ہوتا ہے۔
جلد کی جلن کیلئے : خشک جلد میں جلن کی شکایت ہو تو اس کا تازہ گودا لگائیں،اس سے جلن ختم ہو جائے گی اور آرام آجائے گا۔
زخم اور خراش کیلئے : خاص طور پر ڈاڑھی بنانے کی وجہ سے زخمی چہرے اور تکلیف دہ خراشوں کیلئے گھیکوار کا گودا بہترین علاج ثابت ہوتا ہے۔ڈاڑھی بنانے کے بعد اس کے لگاتے رہنے سے رنگ بھی نکھرتا ہے اور جلد بھی صحت مند رہتی ہے۔
