بیوٹی پارلر کیخلاف مقدمہ ، بال سنوارنے کے نام پر تجربہ

   

خاتون کے بال جھڑنے پر پولیس سے رجوع ، کارروائی کی درخواست

حیدرآباد : /3 اگست (سیاست نیوز) شوہر کی خواہش کی تکمیل پر بال بنانے کی کوشش ایک خاتون کیلئے ناقابل بیان تجربہ کا سبب بن گئی ۔ ایک تو خاتون کے بال جھڑنے لگے تودوسری طرف شوہر بھی ناراض ہوگیا ۔ خاتون کے بال جھڑنے کا عمل میاں بیوی میں جھگڑے کا سبب بھی بن گیا ۔ تاہم متاثرہ خاتون نے بیوٹی پارلر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروادی ۔ امیرپیٹ سے تعلق رکھنے والی خاتون شوہر کی خواہش پر ماڈل بننا چاہتی تھی ۔ اس خاتون نے اپنے بال سنوارنے اور خوبصورتی میں اضافہ کیلئے عابڈس میں واقع بیوٹی پارلر کا رخ کیا ۔ تاہم اس بیوٹی پارلر میں اس کے بالوں پر ایسا تجربہ کیا گیا کہ اس کے بال جھڑنے لگے ۔عورت کی خوبصورتی میں سر کے بالوں کی کافی اہمیت ہوتی ہے اور خاتون بھی اپنی خوبصورتی میں اضافہ کرنے اور مزید سنوارنے کیلئے بیوٹی پارلر پہونچی ۔اس بیوٹی پارلر میں اس نے اپنے بال سنوارنے کیلئے کہا ۔ بیوٹی پارلر میں اس خاتون کے بال اس کی مرضی کے خلاف چھوٹے کردیئے گئے اور بالوں پر ہربل آئیل کا تجربہ کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس متاثرہ خاتون کے بال بھی اس کی مرضی کے خلاف کاٹے گئے اور بالوں پر ہربل آئیل بھی اس کی مرضی کے خلاف لگایا گیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے تک اس خاتون کے بالوں پر گرم چیز رکھی گئی اور اس سے کہا گیا کہ وہ بالوں کو دھونے کے بعد آئیل لگائے اور اس خاتون کے ہاتھ میں بیوٹی پارلر والوں نے ہربل آئیل کو تھمادیا ۔ خوبصورتی کے چکر میں خاتون نے بیوٹی پارلر والوں کے مشورے پر عمل کیا لیکن وہ اسی وقت خوفزدہ ہوگئی جب اس کے بال جھڑنے لگے جو اس کی خوبصورتی پر کاری ضرب بن گیا ۔ خاتون نے جیسے ہی بالوں پر کنگا کیا بال مزید جھڑنے لگے ۔ حیران پریشان حال میں خاتون نے جب دوسرے ماہرین سے رجوع ہوکر مشورہ کیا تو اس کو بال کٹوانے اور سرمنڈوانے کامشورہ دیا گیا ۔ پریشان حال متاثرہ خاتون اپنے بالوں کو لے کر سیدھے پولیس سے رجوع ہوگئی اور پولیس نے بیوٹی پارلر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع