بیویوں کی ہراسانی کا شکار 4 افراد کی خودکشی

   

حیدرآباد : شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے مختلف واقعات میں بیویوں کی مبینہ ہراسانی و زیادتیوں سے تنگ آکر 4 افراد نے خودکشی کرلی۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 30 سالہ موتیا نائک جو راجندر نگر علاقہ کا ساکن تھا، اس نے بیوی کی مار پیٹ اور ہراسانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ پولیس راجندر نگر کے مطابق 35 سالہ ملاریڈی جو پیشہ سے ہاؤز کیپنگ کا کام کرتا تھا، 31 جنوری کے دن ملاریڈی کا اس کی بیوی سے جھگڑا ہوا۔ ریڈی سیندھی پینے کے بعد گھر پہونچا اور اس کی بیوی اس سے جھگڑنے لگی اور جھگڑنے کے بعد بیوی نے بھائیوں اور بہنوئی کو طلب کرتے ہوئے شوہر کی پٹائی کروادی اور شدید زدوکوب کیا۔ ملاریڈی زدوکوب کے بعد سنبھل نہیں پایا اور کل اس کی موت ہوگئی۔ کارخانہ پولیس کے مطابق 43 سالہ ناگیش جو پیشہ سے سکیورٹی گارڈ تھا، کارخانہ کے علاقہ وہاب نگر میں رہتا تھا۔ 28 جنوری کو ناگیش نشہ کی حالت میں مکان پہونچا، بیوی سے اس کی بحث تکرار ہوئی جس کے بعد بیوی نے ناگیش کو رقم دینے سے انکار کردیا تو اس نے خودکشی کرلی۔ ایس آر نگر پولیس کے مطابق 28 سالہ ستیش جو پیشہ سے سیلزمین تھا، اللہ پور بورا بنڈہ علاقہ میں رہتا تھا، 2 ماہ قبل اس کی شادی شویتا سے ہوئی تھی جو عمر میں اس سے 2 سال بڑی اور ساڑی ڈیزائنر تھی۔ رقمی دباؤ اور خاندانی تناؤ سے تنگ آکر اس نے خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے۔