دوسری بیوی کو فائدہ پہونچانے سنسنی خیز اقدام ۔ مہلوکین میں پہلی بیوی اور دو بیٹیاںشامل
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) دوسری بیوی کو فائدہ پہنچانے پہلی بیوی اور بچوں کا قتل کرکے کانسٹبل نے خودکشی کرلی۔ کڑپہ میں یہ سنسنی خیز واردات پیش آئی جہاں کانسٹبل نے اپنی بیوی و دو بیٹیوں کو گولی مار کر قتل کردیا اور پھر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلیا۔ کانسٹبل وینکٹیشورلو نے خودکشی نوٹ میں ایس پی سے درخواست کی کہ وہ موت کے بعد فائدے دوسری بیوی اور اس کے خاندان کو پہنچانے اقدامات کریں۔ کڑپہ ٹاؤن میں اس قتل اور خودکشی سے سنسنی پھیل گئی اور یہ پولیس میں بھی بحث کا سبب بن گیا۔1993 بیاچ کے کانسٹبل وینکٹیشورلو کڑپہ ٹو ٹاون پولیس اسیشن میں رائٹر تھا۔ مقتول کانسٹبل قرض کے بوجھ سے پریشان تھا جو اسٹاک مارکٹ میں دلچسپی رکھتا تھا۔ ذرائع کے مطابق وینکٹیشورلو نے اسٹاک مارکٹ میں بھاری سرمایہ لگایا تھا اور نقصان کا سامنا کررہا تھا جس کے سبب یہ خاندان مالی پریشانیوں میں گھر گیا اور گھریلو جھگڑے ہوا کرتے تھے ۔ میاں بیوی میں آئے دن جھگڑوں سے تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ اس کے پڑوسیوں نے بھی پولیس پوچھ تاچھ میں گھریلو جھگڑوں کا ذکر کیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس شریف معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔ وینکٹیشورلو اپنی بیوی اور دو بیٹیوں کے ہمراہ کوآپریٹیو کالونی میں رہتا تھا۔ کل رات ڈیوٹی سے گھر روانگی پر اس نے ریوالور اور کارتوس ساتھ رکھ لیا اور مکان پہنچ کر پہلی بیوی اور بیٹیوں کا قتل کیا اوربعد میں خودکشی کرلی۔ قرض و مالی پریشانیاں و گھریلو تنازعہ اس سنسنی خیز واردات کی وجہ ہیں۔ اس کی بڑی بیٹی 20 سالہ جو گریجویشن زیر تعلیم اور چھوٹی بیٹی کی عمر10 سال جبکہ بیوی کی عمر 45 سال بتائی گئی ۔ کانسٹبل وینکٹیشورلونے خودکشی نوٹ سے سب کو حیران کردیا۔ اس نے ایس پی سے درخواست کی کہ اس کی موت کے بعد کے فائدے اس کی دوسری بیوی کو پہنچائے جائیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع