سدی پیٹ کلکٹر کے گن مین کا انتہائی اقدام ۔ متوفی نریش مالی پریشانیوں کا شکار تھا
حیدرآباد /15 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سدی پیٹ ضلع کلکٹر کے گن مین نے بیوی بچوں کو قتل کرنے کے بعد سرویس ریلوالر سے خودکشی کرلی ۔ یہ دل دہلادینے والا واقعہ سدی پیٹ میں پیش آیا ۔ ضلع کلکٹر کے گن مین اکولہ نریش نے بندوق سے بیوی اور کمسن بچوں کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی ۔ نریش آرمڈ ریزور سے وابستہ کانسٹیبل بتایاگیا ہے ۔ ایک پولیس ملازم کے اس انتہائی ہولناک اقدام سے سارے محکمہ میں سنسنی پھیل گئی اور اطلاع کے ساتھ ہی پولیس عہدیدار نریش کے مکان پہونچے اور ضابطہ کی کارروائی انجام دی ۔ نریش کے مکان چنا کڈور منڈل پہونچ کر حالت کا جائزہ لیا ۔ نریش کے مکان میں بچوں اور میاں بیوی کی نعشوں کو دیکھ کر مقامی عوام غمزدہ ہوگئے ۔ بچے اسکول ڈریس میں تھے جو اسکول جانے کی تیاری میں تھے کے اچانک ان کا والد ان کی موت بن کر نمودار ہوا اور بیوی بچوں کو گولی مار کر قتل کردیا ۔ بعد ازاں اس نے بھی خودکشی کرلی ۔ ذرائع کے مطابق نریش اپنی سرویس ریلوالور ساتھ لیکر گھر آیا تھا ۔ صبح اس نے ڈیوٹی پر رپورٹ کیا جو کلکٹر سدی پیٹ کی حفاظت پر معمور تھا ۔ چونکہ کلکٹر چھٹی پر ہیں لہذا اس نے ڈیوٹی پر رپورٹ کی اور مکان لوٹ گیا ۔ مکان لوٹنے پر مکان میں بچوں کو اسکول روانہ کرنے اس کی بیوی مصروف تھی اور بچے اسکول ڈریس میں تھے کہ اچانک نریش نے بیوی چیتنا اور بیٹے ریونت اور بیٹی ہماشری کا بندوق سے قتل کردیا اور خودکشی کرلی ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ نریش شدید مالی پریشانیوں کا شکار تھا ۔ نریش 2013 بیاچ کا اے آر کانسٹیبل بتایا گیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع