بیوی اور دو بیٹیوں سمیت 4 افراد کے قتل میں ایک شخص گرفتار

   

فیونکس 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) فیونکس میں ایک شخص کو اس کی شریک حیات اور دو کمسن لڑکیوں کے علاوہ ایک اور شخص کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ مہلوک شخص کا ملزم کی بیوی کے ساتھ تعلق رہا ہو۔ پولیس کے بموجب آسٹن اسمتھ نامی شخص کو چار افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اسمتھ کو جمعرات کی شام اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ایک اپارٹمنٹ سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا جہاں فائرنگ ہوئی تھی ۔ یہاں ایک خاتون اور ایک شخص کی نعش دستیاب ہوئی تھی ۔ پولیس کو ملزم کی بیوی کے علاوہ ان کی پانچ سالہ لڑکی اور سات سالہ لڑکی کی نعش بھی دستیاب ہوئی تھی جس کے بعد اس شخص پر چار افراد کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اس کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اس شخص نے اپنی تین سالہ دختر کو کوئی گزند پہونچائے بغیر چھوڑ دیا تھا ۔