ملزم شوہر کا اعتراف جرم، گھٹکیسر میں سنگین واردات
حیدرآباد ۔ /10 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں میں قتل و غارت گری کے سنگین وارداتوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور آئے دن بھیانک اور بے دردانہ قتل کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں ۔ گھٹکیسر علاقہ میں ایک ایسا دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص نے اپنی بیوی اور چار سالہ شیرخوار کا قتل کرکے ان کی نعشوں کو نذرآتش کردیا ۔ گھٹکیسر پولیس کے بموجب کونڈہ پور ویلیج کے سروے نمبر 86 میں انتہائی جھلسی ہوئی نعشوں کی موجودگی کا پتہ چلنے پر مقامی عوام نے پولیس کو اطلاع دی جس پر گھٹکیسر منڈل کے ریونیو انسپکٹر ایم وینکٹیشم نے وہاں پہونچ کر موقع واردات کا معائنہ کیا ۔ پولیس کی ایک ٹیم بھی وہاں پہونچ گئی اور مقام واردات کا معائنہ کیا جبکہ سراغ رسانی دستہ کو بھی طلب کرلیا گیا ۔ پولیس کو اسی دوران خفیہ اطلاع ملنے پر 27 سالہ ایم رمیش کو حراست میں لے لیا اور اس کی تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ اپنی بیوی اور بچے کا قتل کیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب 27 سالہ رمیش کی شادی سال 2015 ء میں ششرتا سے ہوئی تھی اور انہیں چار ماہ کا لڑکا بھی تھا ۔ دونوں کے درمیان آئے دن جھگڑا ہوا کرتا تھا اور 8 ماہ قبل بھی دونوں میں اختلافات پیدا ہونے کے نتیجہ میں رمیش اور ششرتا نے علحدگی اختیار کرلی تھی اور خاتون اپنے ماں باپ کے مکان واقع اوپل میں مقیم تھی ۔ رمیش نے مسئلہ کی یکسوئی کرنے اور ازدواجی زندگی گزارنے کے بہانے سے ششرتاکو اپنے ہمراہ گھٹکیسر آؤٹر رنگ روڈ جہاں پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا ۔ رمیش نے اپنی بیوی کو جبراً نیند کی گولیاں پلادی اور شیرخوار کو بھی خواب آور دوا دے دی ۔ بے ہوشی کی حالت میں اپنی بیوی اور شیرخوار کو رمیش نے اپنی موٹر سائیکل پر پربھاکر انکلیو پلاٹ لے آؤٹ لے گیا جہاں پر اس نے اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ شواہد مٹانے کیلئے رمیش نے پلاٹ پر موجود جھاریوں کو اکٹھا کرکے اس پر پٹرول چھڑک کر نعشوں کو نذر آتش کردیا ۔ پولیس رمیش سے مزید تفتیش جاری رکھی ہوئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ قاتل رمیش نے بیوی کا قتل کرنے کے بعد پالاکرتی پولیس میں خودسپردگی اختیار کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔