بیوی ‘ دو بچوں کا قتل کرنے والے کو پھانسی کی سزا

   

Ferty9 Clinic

وقارآباد ضلع عدالت کا سنسنی خیز فیصلہ
حیدرآباد 20 نومبر ( سیاست نیوز) وقارآباد ضلع عدالت نے ایک سنسنی خیز مقدمہ میں بیوی اور دو بچوں کے قتل کے مرتکب ملزم کو سزائے موت سنادی۔ یہ واردات 2019 میں پیش آئی تھی، جس میں پراوین نامی شخص نے اپنی بیوی اور دونوں بچوں کو قتل کرکے خودکشی کا واقعہ ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی۔ تفتیش کے دوران ملزم کے ہاتھوں قتل ثابت ہونے پر عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی ۔ پولیس کے مطابق 32 سالہ پراوین کمار خانگی ملازم تھا اور وقارآباد میں بیوی اور بچوں کے ساتھ رہتا تھا۔ اس نے بیوی چاندنی پر ناجائز تعلقات کے شبہ میں لوہے کی راڈ سے حملہ کرکے قتل کیا۔ بعد ازاں اپنی پانچ سالہ بیٹی آنچل اور نو سالہ بیٹے ایان کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ چاندنی پراوین کی دوسری بیوی تھی جبکہ ایان اس کے پہلے شوہر کی اولاد تھا، البتہ آنچل پراوین کی حقیقی بیٹی تھی ۔ پراوین شراب کا عادی تھا اور بیوی سے اکثر جھگڑتا تھا ۔ واقعہ کے بعد وہ خودکشی کا ارادہ رکھتا تھا، تاہم وہ خود سپرد ہوگیا ۔تمام شواہد اور جرم کی سنگینی کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے پراوین کو سزائے موت کا حکم سنایا۔ع
ریونت ریڈی کا اضلاع کا دورہ
حیدرآباد 20نومبر(یواین آئی) تلنگانہ میں کانگریس حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے دو سال مکمل ہونے والے ہیں، جس کے پیش نظر ریاستی حکومت دسمبر کے مہینے میں بڑے پیمانے پر ”پرجا پالنا اُتسو” (عوامی حکمرانی کے تہوار) منعقد کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ اسی سلسلہ میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اپنا دورہ اضلاع یکم دسمبر سے شروع کریں گے جو 7 دسمبر تک جاری رہے گا۔ یہ دورہ نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل سے شروع ہوگا۔