بیوی سے جھگڑا، شوہر کی خودکشی

   

حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) بیوی سے جھگڑے کے بعد ایک بیروزگار شوہر نے خودکشی کرلی۔ کلثوم پورہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 35 سالہ گوپال جو کاروان میں رہتا تھا، گزشتہ دو سال سے بے روزگار تھا۔ اس کی بیوی کریتا جو پیشہ سے بیوٹیشن تھی، گھر کے اخراجات برداشت کرتی تھی۔ گزشتہ چند روز سے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے چل رہے تھے۔ سریتا شوہر پر کام کے لئے دباؤ ڈال رہی تھی، کل وہ شوہر سے جھگڑے کے بعد اپنے کام پر چلی گئی اور اسکول سے واپس ہونے والے بچوں نے دیکھا کہ باپ نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ کلثوم پورہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ع

شوہر سے دوری، بیوی کی خودکشی
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) شوہر سے دوری سے دلبرداشتہ ایک نئی نویلی دلہن نے خودکشی کرلی۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق 27 سالہ ہما نندی نے کل رات نامعلوم زہریلی شئے کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔ ہمانندی کی شادی حالیہ دنوں میں ہوئی تھی اور چونکہ شراون ماسم چل رہا ہے ان دنوں نئی بہو کیلئے ساس کا چہرہ دیکھنا ہندو رسم و رواج میں درست نہیں مانا جاتا اور نہوست اور رسوم و رواج کے سبب ہما نندی اپنے رشتہ داروں کے مکان چلی گئی اور شوہر اپنے گاؤں چلا گیا۔ نئی شادی اور شوہر سے دوری سے ہما نندی شدید دلبرداشتہ ہوگئی اور اس نے کل رات انتہائی اقدام کرلیا۔ ع