نظام آباد کے غریب کسان کے نام دبئی رئفل، 4 ملین ڈالر کا انعام
حیدرآباد۔ 4 اگست (سیاست نیوز) دبئی میں روزگار سے محرومی کے بعد گھر واپس ہونے والے ایک ڈرائیور پر قسمت کی دیوی مہربان ہوئی اور بیوی سے قرض لے کر دبئی میں خریدے گئے لاٹری ٹکٹ اس کیلئے جیک پاٹ ثابت ہوئے۔ اس طرح ایک بیروزگار اور مقروض ڈرائیور ایک لمحہ میں کروڑوں روپئے کا مالک بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والا کسان ریکالا گزشتہ دو سال سے دبئی میں ڈرائیور کی حیثیت سے کام کررہا تھا اور حالیہ عرصہ میں روزگار سے محرومی کے بعد اس کو کوئی مناسب ملازمت نہیں مل سکی چنانچہ وہ اپنے وطن واپس ہونے کیلئے مجبور ہوگیا۔ ریکالا جو ہمیشہ دبئی ریفل ٹکٹس خریدا کرتا تھا اور واپسی سے قبل اگرچہ اس کے لاٹری ٹکٹس کی خریدی کیلئے اس کے پاس رقم نہ تھی لیکن اس نے اپنی بیوی سے 20,000 روپئے کا قرض لے کر دوست روی کے ذریعہ یہ ٹکٹ خرید لیا تھا۔ ریکالا کی دبئی سے واپسی کے 45 دن بعد اس کے دوست روی نے یہ خوشخبری دی کہ اس کے نام خریدے گئے ریفل ٹکٹ پر 15 ملین امارتی درہم (4 ملین امریکی ڈالر) کی لاٹری اٹھی ہے۔ نظام آباد کے جاکرن پلی سے تعلق رکھنے والا ریکالا اپنی بیوی کے ساتھ کھیتوں میں کام کیا کرتا ہے جس کی سالانہ آمدنی 300,000 روپئے ( 4,306 امریکی ڈالر) ہوتی ہے لیکن اچانک راتوں رات کروڑپتی بن جانے کا کریڈٹ اس نے اپنی پتنی (بیوی) پدما کو دیا ہے اور کہا کہ پدما کے رہتے ہوئے 20,000 روپئے کے قرض سے یہ لاٹری ٹکٹ خریدنا ممکن ہوا اور اس لاٹری ٹکٹ کے نتیجہ میں یہ انعام ملا ہے۔
