حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : پہلی بیوی کے غم میں دوسری بیوی کا قتل کرنے والے شخص نے خود کشی کرلی ۔ یہ سنسنی خیز واردات بیگم پیٹ پولیس حدود میں پیش آئی ۔ جہاں وینکٹیش نامی شخص نے 27 سالہ سواپنا کا قتل کرنے کے بعد خود بھی خود کشی کرلی ۔ یہ خاندان رسول پورہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ وینکٹیش نے جاریہ سال سواپنا سے دوسری شادی کی تھی اس کی پہلی بیوی وسنتا لکشمی کی قلب پر حملہ کے سبب موت واقع ہونے کے بعد اس نے سواپنا سے دوسری شادی کی تھی اور پہلی بیوی سے اسے کوئی اولاد بھی نہیں تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق وینکٹیش اس کی پہلی بیوی سے بہت زیادہ محبت کرتا تھا ۔ اور اس کی موت کے بعد سے بہت زیادہ پریشان تھا جس کی دوسری شادی کردی گئی ۔ باوجود وہ اس کی پہلی بیوی کو بھلا نہیں پارہا تھا ۔ کل رات دونوں مکان میں موجود تھے ۔ اور شدید ذہنی تناؤ کا شکار وینکٹیش آپے سے باہر ہوگیا اور اس نے وزنی مسل سے بیوی پر حملہ کردیا اور بعد میں تار سے اس کا گلا گھونٹ کر اس نے سواپنا کا قتل کردیا اور پھر اس نے خود کشی کرلی ۔ پولیس بیگم پیٹ نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔