حیدرآباد /11 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) بیوی کو خودکشی کیلئے مجبور کرنے والے ایک شخص کو عدالت نے 5 سال کی سزا سنائی ہے ۔ سرور نگر پولیس نے سال 2014 کے ایک مقدمہ میں آج چارج شیٹ کو داخل کردیا ۔ جہاں ایل بی نگر کی ایک عدالت نے ملزم 43 سالہ گویند سرینواس کو 5 سال کی سزاء اور 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ہے ۔ سال 2014 میں متوفی خاتون کرونا کے بھائی کی شکایت پر سرور نگر پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا تھا اور کرونا کے شوہر سرینواس کو گرفتار کیا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق کرونا اور سرینواس کی شادی 1994 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ۔ گذشتہ چند سالوں سے سرینواس اس کی بیوی کرونا کو شدید ہراساں و پریشان کر رہا تھا ۔ ذہنی اور جسمانی اذیت پہونچاتے ہوئے اس نے اس کی بیوی کا جینا مشکل کردیا تھا اور مکان سے چلے جانے کیلئے اس خاتون پر مسلسل دباؤ ڈال رہا تھا جس سے تنگ آکر کرونا نے خودکشی کرلی تھی ۔ اس مقدمہ میں عدالت نے آج فیصلہ سنایا ہے ۔