بیوی کو فحاشہ ظاہر کرنے والا شوہر گرفتار

   

خاتون کی شکایت پر سائبر کرائم پولیس رچہ کنڈہ کی کارروائی
حیدرآباد۔/30 جولائی ، ( سیاست نیوز) سوشیل میڈیا کے ذریعہ بیوی کو فحاشہ ظاہر کرنے والے ایک شخص کو پولیس رچہ کنڈہ نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون کی شکایت پر سائبر کرائم رچہ کنڈہ نے کارروائی کرتے ہوئے اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 27 سالہ رویندر جو مہیشورم علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے لیاب ٹیکنیشن بتایا گیا ہے۔ اس ملزم نے لو میاریج کی تھی اور خود ہی بیوی کو فحاشہ ثابت کرنے لگا۔ بیوی کے میل آئی ڈی سے اس کا فیس بک اکاؤنٹ تیار کرنے کے بعد اس نے بیوی کو فحاشہ ثابت کیا۔ جب اس شکایت گذار خاتون کی ساتھی سہیلیوں نے اس کی توجہ دلائی تب اس خاتون کو احساس ہوا کہ اسے کوئی بدنام کررہا ہے۔ خاتون نے فوری شکایت لے کر رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس اسٹیشن کا رخ کیا اور پولیس میں شکایت کردی۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد خاتون کے شوہر پنجرلہ رویندر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق رویندر اور شکایت گذار متاثرہ خاتون کی شادی سال 2015 میں ہوئی تھی۔ شادی سے قبل دونوں ایک ہاسپٹل میں کام کرتے تھے ۔ خاطی شخص لیاب ٹیکنیشن تھا اور متاثرہ خاتون اسٹاف نرس دونوں میں دوستی ہوئی اور دوستی محبت میں بدل گئی۔ فلمیں دیکھنا، سیر و تفریح اور ہوٹلنگ شروع ہوگئی تھی اس دوران رویندر نے لڑکی کے ہمراہ چند سیلفی تصاویر بھی حاصل کی تھی۔ اس مرحلہ کے چند عرصہ بعد لڑکی نے ہاسپٹل سے ملازمت چھوڑ کر دوسرے ہاسپٹل میں ملازمت اختیار کرلی اور اس شخص نے بھی ملازمت چھوڑ کر اس کے قریب رہنے لگا جس کے بعد دونوں نے شادی کرلی تھی اور چند عرصہ بعد اپنے آبائی مقام چلا گیا جس کے بعد اس نے انٹرنیٹ کے ذریعہ سوشیل میڈیا پر قابل اعتراض تصاویر اور عریاں ویڈیوز ڈاون لوڈ کرنے لگا۔ پولیس نے سوشیل نیٹ ورکنگ سائیٹ استعمال کرنے والوں کو اس طرح کی پوسٹنگ اور قابل اعتراض اور کسی کے کردار کو متاثر کرنے والے پوسٹ پر اپنا ردعمل ظاہر کرنے سے باز رہنے کا مشورہ دیا۔